الیکشن کمیشن کو نشانہ بنانے کی وجہ بیرونی فنڈنگ کیس کی تکلیف ہے،ن لیگ

282

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ناکامیوں اور کرپشن کو اداروں اور میڈیا پر حملوں سے چھپانا چاہتے ہیں‘الیکشن کمیشن کو نشانہ بنانے کی اصل وجہ غیر قانونی فارن فنڈنگ کیس کی تکلیف ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے تماشے کی آڑ میں الیکشن کمیشن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ جھوٹ بولنے پر تعینات کرائے کے ترجمانوں نے پی آئی ڈی کو پی ٹی آئی کا دفتر بنا لیا ہے‘ مہنگائی کی چھری سے عوام کو حلال کردیا ‘ عمران صاحب معیشت کو لے ڈوبے‘ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اورمیڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تنازع کے ذریعے اصل ایشوز سے توجہ ہٹانے نہیں دیں گے‘ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ آٹے، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی بات نہ ہو‘ اس لیے کرائے کے ترجمان روز پریس کانفرنس سے قوم کا پیسہ ضائع کرتے ہیں ‘ میڈیا کا گلا گھونٹا جا رہا ہے تاکہ عمران صاحب اینڈ کمپنی کی کرپشن، ناکامیوں اور چوریوںکو رپورٹ نہ کرے‘ مہنگائی بڑھ رہی ہے کیونکہ وزیراعظم چورہے‘ بجلی بلوں کے ذریعے ظالمانہ ٹیکسوں کی وصولی کے لیے صدرکا انگوٹھا لگوایا گیا۔