کورونا سے مزید 40 اموات ،اسلام آباد میں 100 فیصد ویکسی نیشن کا فیصلہ

156

اسلام آباد/کراچی/لندن (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میںکورونا وائرس کے مثبت کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کیسز کی شرح 4.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران51 ہزار 348 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے2 ہزار 167 کورونا مثبت کیسز سامنے آئے‘مزید 40 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی تعداد27 ہزار246 ہوگئی جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 26 ہزار 8 ہوچکی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 100 فیصد ویکسین کے لیے موبائل ویکسی نیشن شروع کی جا رہی ہے‘ کورونا ویکسین حاملہ خواتین بھی لگواسکتی ہیں‘ ڈینگی کے پنپنے کا موسم ہے اس لیے پانی کھڑا ہونے نہ دیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایک خوراک لگوا لی ہے تو دوسری خوراک لینے میں زیادہ دیر نہ لگائیں‘4 ہفتے گزر گئے ہوں تو جا کر دوسری خوراک لگوائیے۔ انہوں نے کہا کہ جو خواتین حاملہ ہیں یا بچوں کو دودھ پلا رہی ہیں وہ بھی یہ ویکسین لگوا سکتی ہیں۔ برطانیہ نے پاکستان سے آنے والوں کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کردی ‘ 22 ستمبر کے بعد پاکستان سے ویکسین لگواکر آنے والے افراد کو گھر پر قرنطینہ کرنا پڑے گا، وجہ بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برطانیہ، پاکستان میں لگائی جانے والی بیشتر ویکسینز کو تسلیم نہیں کرتا‘ پاکستان میں سرٹیفکیٹ کے اجرا پر تحفظات ہیں ‘ نئی گائیڈ لائن کے مطابق پاکستان سے ویکسین لگوانے والوں کو 22ستمبر کے بعد آنے پر بھی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور لوکیٹر فارم بھرنا ہوگا۔