حکومت کے خاتمے تک پی ڈی ایم قا ئم رہے گی، حافظ حمداللہ

32

تلہ گنگ (صباح نیوز) پی ڈی ایم کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی جدوجہد نے سلیکٹڈ حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، پی ڈی ایم اپنے مقاصد کے حصول تک قائم ودائم رہے گی، قوم کو سلیکٹڈ حکومت سے جتنی جلدی ہوسکے چھٹکارا دلانا بے حد ضروری ہے اور اس کیلیے پی ڈی ایم کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ختم نبوت منزل تلہ گنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حمداللہ نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت کے دور میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی، پیٹرولیم، بجلی، گیس، چینی، گھی، آٹا و دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے، نااہل حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، اگر یہی شخص وزیراعظم رہا تو قوم پینے کے صاف پانی کو بھی ترس جائے گی، چور ڈاکو کا واویلہ کرنے والے خود قوم کو اربوں روپے کا چونا لگاچکے ہیں اور سلیکٹڈ حکومت کیلیے مہنگائی پرقابو پانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے اگر موجودہ حکومت کچھ اور وقت ملک پر مسلط رہی توملک دیوالیہ ہوجائے گا اوراس معاشی صورتحال سے ملک کی سلامتی اور استحکام کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کاواحد مقصد ملک پر 22 کروڑ عوام کی حقیقی حکمرانی قائم کرنا، اورمضبو ط مستحکم جمہوریت رائج کرنا، انتخابات میں اداروں کی مداخلت کو بندکرنا ہے