جماعت اہلسنّت کی سپریم کونسل نے تبدیلی مذہب کا مجوزہ بل مسترد کردیا

123

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اہل سنت کی سپریم کونسل نے مذہب کی تبدیلی کا مجوزہ بل اسلام کے منافی قراردیتے ہوئے مسترد کردیا، حکومتی اقدام ظالمانہ ‘ قابل مذمت اور اللہ اور اس کے رسول محمد صل اللہ علیہ وسلم سے بغاوت قراردیے دیا۔ کراچی پریس کلب میں سابق وفاقی وزیرعلامہ صاحبزادہ سیدحامد سعیدکاظمی ‘جماعت اہل سنت کی سپریم کونسل کے رکن،سربراہ نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیرڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب‘مفتی محمدرفیق حسنی‘ مفتی سیدعظمت علی شاہ ہمدانی‘صاحبزادہ ڈاکٹرفریدالدین قادری‘علامہ نسیم احمدصدیقی‘علامہ ابراراحمدرحمانی ودیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بل اللہ کیغضب کودعوت دینے کے مترادف ہے۔آئین پاکستان کے آرٹیکل 2-Aجس کے ذریعے قراردادِ مقاصد کو آئین پاکستان کا حصہ بنایا گیااس کے پیراگراف نمبر 1میں پوری کائنات کابلاشرکت غیرے حاکم مطلق اللہ تبارک وتعالیٰ کو قراردیا گیاہے۔آئین کے تحت ایسا کوئی قانون نہیں بنایاجاسکتا جوقرآن وسنت کے احکامات کے منافی ہو۔حکومت نے نظام مصطفی ﷺکے نفاذاورمقام مصطفی ﷺکے تحفظ کے بجائے اسلام وپاکستان دشمن کے اشاروں پراہم قانون سازی اورحساس معاملات پر قوم کی امنگو ں اورنظریات کے خلاف اقلیتی کمیشن کے مشورے اوردباؤپر اسلام دشمن اورنظریہ پاکستان کے منافی قانون سازی کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ‘قومی اسمبلی میں لابنگ ہورہی ہے تاکہ بین الاقوامی این جی اوز،امریکا ویورپ کو خوش کیاجائے۔