طالبان کی نیت پر شک نہیں ،قومی مفاد میں مسلسل رابطے میں ہیں،ترجمان پاک فوج

322

راولپنڈی(صباح نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ طالبان کی نیت پر شک کی کوئی وجہ نہیں، قومی مفاد کے لیے طالبان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ایک انٹرویو میںترجمان پاک فوج نے کہاکہ طالبان نے کئی مواقع پر دہرایا ہے کہ کسی گروہ یا دہشت گرد تنظیم کو کسی ملک بشمول پاکستان کے خلاف کسی دہشت گرد سرگرمی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ہمارے پاس طالبان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں،اسی لیے ان سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ قومی مفاد کا تحفظ کر سکیں۔میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے اور مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا جائے گا،ہمارا ہمیشہ سے مقصد سرحد کے اس طرف والے حصے پر بہتر مینجمنٹ رہا ہے، پاکستان افغان سرحد پر باڑ لگانا اس خطے کی ہیئت اور دوسری مشکلات کی وجہ سے ایک بڑی ذمے داری تھی ،تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان نے بارڈر کے90فیصد حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے، بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے اور ہم پر امید ہے کہ مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا جائے گا۔طالبان کیساتھ افغانستان میں لڑنے کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر چلنے والی خبروں سے متعلق سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے بھارتی میڈیا نے طالبان کے پنج شیر پر حملے کے حوالے سے خود کو پیش کیا ہے وہ اس بات کی کافی شہادت ہے کہ ان کا میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔