مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ،کئی ممالک سامنا کررہے ہیں،شوکت ترین

177

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے کہا ہے کہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے ،دنیا کے کئی ممالک اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں بزنس مین گروپ (بی ایم جی) اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی قیادت کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پام آئل، گندم اور چاول کی قیمتیں 2018 ء سے عالمی سطح پر بڑھ رہی ہیں،ہم خود کو عالمی اشیاء کی قیمتوں سے الگ نہیں کر سکتے کیونکہ ہم ان سے جڑے ہوئے ہیں۔وفاقی وزیرخزانہ نے یقین کروائی کہ وہ کراچی کے خستہ حال انفرااسٹرکچر پر کے سی سی آئی کے خدشات کو وزیر اعظم تک پہنچائیں گے اور وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے انفرااسٹرکچر کی خراب حالت کو بہتر بنانے کے لیے براہ راست اقدامات کی درخواست کریں گے۔ شوکت ترین نے کے سی سی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ ایک وفد اسلام آباد بھیجے تاکہ نئے آرڈیننس پر پائے جانے والے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے، آرڈیننس کا مقصد کسی کومتاثر کرنا نہیں ہے بلکہ یہ آرڈیننس خالصتاً نان فائلرز اور انڈر فائلرز کے لیے ہے جو زیرو ٹیکس فائل کرتے ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ لوکل ٹیکسز اور لیویز (ڈی ایل ٹی ایل) کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے اوریہ جاری رہے گا جبکہ تاجر برادری کے تمام کلیمز کی بروقت ادائیگی کی جائے گی ،پچھلے مالی سال کے 32 ارب روپے کے زیر التوا کلیمز بھی اگلے 6 ماہ میںادا کردیے جائیں گے۔