ظالمانہ آرڈیننس کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیںگے‘اسمال ٹریڈرز

125

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صدر آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے ٹیکس کے ظالمانہ قوانین پر مبنی صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے صدارتی آرڈینینس واپس لیا جائے اور اس قانون کو قومی اسمبلی کے اندر پیش کرکے تاجروں کی مشاورت سے تاجر دشمن شقیں ختم کرنے کے بعد منظور کرایا جائے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ آرڈیننس معیشت اور تاجر دشمن آرڈیننس ہے اس کے ذریعے ایف بی آر کے اہلکاروں کو ملنے والے اختیارات سے رشوت ستانی کا بازار مزید گرم ہوگا ،وہ آج ایم اے جناح روڈ اسپورٹس مارکیٹ میں اسمال ٹریڈرز کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس سے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی، نائب صدر نویداحمد ، جاوید حاجی عبداللہ ، جنرل سیکرٹری عثمان شریف ، سلیم ملک اور دیگر نے خطاب کیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے یے تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔اسمال ٹریڈرز کے نائب صدر سید لیاقت علی نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام سے جتنے وعدے کیے تھے کوئی بھی پورا نہیں کیا ،عوام مہنگائی سے بلبلا رہے ہیں اور حکمران مزید مہنگائی کی نوید سنا رہے ہیں۔ انہوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی تجویز پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان شریف نے کہاکہ حکومت تاجروں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے ،نئے قوانین کے نفاذ کے بعد ایف بی آر کے راشی اہلکاروں کی زیادتیاں مزید بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمال ٹریڈرز اس کالے قانون کے خلاف اگلے ہفتے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرے گی اور سیاسی رہنماؤں سے اس معیشت دشمن قانون کے خلاف آواز اُٹھانے کی اپیل کی جائے گا۔