طالبان نے نگران افغان حکومت کے بقیہ وزرا کے ناموں کا اعلان کردیا

516

کابل: افغانستان میں نئی قائم ہونیوالی نگران حکومت کے بقیہ وزرا کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کابینہ میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اراکین میں اقلیتوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز اور اعلی تعلیم یافتہ افراد سمیت پیشہ ور شخصیات شامل ہیں۔ ذبیع اللہ مجاہد نے کہا کہ کابینہ کے نئے ارکان کا تقرر طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کے حکم کے مطابق کیا گیا ہے،

انہوں نے کہا کہ تجربہ کار تاجر حاجی نورالدین عزیزی کو قائم مقام وزیرتجارت جبکہ حاجی محمد بشیر اور محمد عظیم سلطانزادہ نائب وزرائے تجارت ہوں گے۔ ڈاکٹر قلندر عباد کو قائم مقام وزیر برائے صحت عامہ مقرر کیا گیا ہے، ان کے ساتھ ڈاکٹر عبدالباری اور ڈاکٹر محمد حسن غیاثی نائب وزرائے صحت ہوں گے۔

نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملا محمد ابراہیم نائب وزیر داخلہ جبکہ ملا عبدالقیوم ذاکر نائب وزیر دفاع ہوں گے۔ اس کے علاوہ بھی طالبان کی جانب سے مختلف وزارتوں میں نائب وزرا کا تقرر کیا گیا ہے۔

حکومت میں کابینہ میں توسیع کے ساتھ ساتھ اداروں کے سربراہان کی تقرری بھی کی گئی ہے اور ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق انجینیئر نظر محمد مطمئن کو قومی اولمپک کمیٹی کا سربراہ تعینات کیا گیا ہے، اس کے علاوہ انجینئر نجیب اللہ شعبہ جوہری توانائی کے ڈائریکٹر ہوں گے۔

ذبیع اللہ مجاہد نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ عالمی برادری امارت اسلامیہ کو تسلیم کرے گی۔ انہوں نے داعش، القاعدہ یا دیگر دہشت گرد گروہوں کی افغانستان میں موجودگی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ کسی بھی دہشت گرد گروہ کو توڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور افغانستان کی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔