نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے، فواد چوہدری

254

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پرسخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ  نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے، ابسوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی،معاشی صورتحال کا جائزہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی سمیت 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کے وفاقی وزرا کو نوٹسز پر بھی گفتگو ہوئی، اجلاس میں حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے، اگر پاکستان نے سر اونچا رکھنا ہے اور ابسوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کرکٹ سیریز ملتوی ہونے سے پی ٹی وی کو 25 کروڑ کا نقصان ہوا تاہم کرکٹ سیریز کی منسوخی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے،کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیں، ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلائیں گے، 7 ویں مردم شماری میں پہلی مرتبہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، 18 ماہ میں مردم شماری مکمل ہوگی، اس ضمن میں مزید تفصیلات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ یہ بات طے ہے آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں اور مرد شماری کے تحت ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ان لوگوں کو بہت مایوسی ہوگی جو کہہ رہے تھے الیکشن رواں برس ہوجائیں گے، یہ ایک قانونی عمل ہے جو جاری رہے گا، اپوزیشن کو اعتراض کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بھی تجویز دینی چاہیے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کیلئے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ کرسیاں ان کیلئے نیچے آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف پیسے بچانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر سیاست کررہی ہے، اگر آج ہم ان کو کہہ دیں کہ جو پیسے آپ کے پاس ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا تو یہ سارے ریٹائر ہو جائیں گے،اپوزیشن کو حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دینا چاہیے جو انتخابی اصلاحات کیلئے کوشاں ہیں ورنہ حکومت کے لیے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی جبکہ اپوزیشن خود کہتی ہے کہ ادارے بھی ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو ان کمیٹیوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے جہاں مفادات کا ٹکراؤ ہو،مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون سازی لائیں گے،پارلیمانی امور کی وزارت مفادات سے ٹکراؤ سے متعلق چیئرمین سینیٹ اور سپیکر کو خط لکھے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے ملک میں سینما اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے علاقائی ممالک سے فلموں کی درآمد مقامی سینما میں دکھانے کی اجازت دی ہے، کینیڈین پنجابی، ایرانی، ترکش کی مویز ملک میں آسکیں گی تاکہ سینما بحال ہوسکیں جبکہ اس انڈسٹریز کو ٹیکس کی مد میں پہلے ہی ریلف حاصل ہے۔

مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں،عالمی منڈی میں مہنگائی اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دراصل مہنگائی کا باعث ہے۔فواد چوہدری نے کہا یہ تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان میں لوگوں کی آمدنی نہیں بڑھی، یہ تسلیم کروں گا کہ میڈیا کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھی اور ان کو کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ کسانوں سمیت مزدور کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے میڈیا مالکان کو مخاطب کرکے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے 75کروڑ روپے تک ادائیگیاں کی ہیں اس لیے وہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمیں بہت بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے،پورے ملک میں گزشتہ 7ماہ کے دوران صرف ایک پولیو کیس سامنے آیا،پاکستان پولیو فری سٹیٹ بننے کی جانب گامزن ہے۔