کرکٹ صورتحال، وزیراعظم کی بیرونی سازشوں کے حقائق سامنے لانے کی ہدایت

153

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے معاملے پر بیرونی سازشوں سے متعلق  حقائق سامنے لانے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ کے منسوخی میں بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے سینئر وزرا سے مشاورت کی ہے، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حقائق دنیا کے سامنے لانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیک اکاؤنٹس سے ای میلز، فیک نیوز سمیت تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر شیخ رشید اور فواد چوہدری جلد حقائق سے آگاہ کرنے کے لیے پریس کانفرنس کریں گے۔