سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہلاک

263

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب  آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر مارا گیا جبکہ آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرکیا گیا  ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کیا جس میں ٹی ٹی پی کا دہشت گرد مارا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا  کہ کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا  میر علی سے تعلق  رکھنے والا  کمانڈر صفی اللہ ہلا ک ہوگیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ہلاک دہشتگرد فروری میں غیرسرکاری تنظیم کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ  2020 میں ایف ڈبلیو او انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ اس سے قبل14 ستمبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے دو دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشتگرد صفی اللہ سیکیورٹی فورسز پر آئی ای ڈی حملوں اور منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کے ساتھ بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔

واضح رہے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کا مزید کہنا ہےکہ دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔