ملک بھر میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز

560

اسلام آباد : ملک بھر میں آج بروز پیر 20 ستمبر 2021 سے قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو رہاہے جس کے تحت4 کروڑ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق  ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو گیا  ہے اور  اس بار چار کروڑ بچوں کو قطرے پلائے جانے کا ہدف رکھا گیا  ہے جبکہ پولیو ورکرز کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق  مذکورہ مہم میں 2 لاکھ 65 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے جبکہ  آرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ اس بار 4 کروڑ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی پولیو ڈراپس پلانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہےکہ اس کے ساتھ بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جارہی ہے اورمہم کی کامیابی کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ کے پی میں مہم کا آغاز 17 ستمبر سےشروع کردی گئی تھی اور کامیابی سے جاری ہے۔

ڈاکٹر شہزاد بیگ کے مطابق گزشتہ سات ماہ سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ہم پولیو کے خاتمے کیلیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب اور بلوچستان کے علاوہ سندھ میں 7 روزہ مہم کے دوران 90 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائینگےاور  26 ستمبر تک جاری رہنے والی اس مہم میں بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی دیئے جائینگے۔

خیال رہے  پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے سے انکاری والدین کو قائل کرنے کیلئے محکمہ صحت نے علمائے کرام کی خدمات بھی حاصل کیں لیکن اسکے باوجود مہم کے دوران انکار کرنے والے والدین کیخلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔