عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے تحائف کلاسیفائیڈ قرار

531

وفاقی حکومت نےعمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے تحائف کو کلاسیفائیڈ قرار دے دیا۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق  سربراہان مملکت کےدرمیان تحائف کاتبادلہ بین الریاستی تعلقات کاعکاس ہوتاہے ایسے تحائف کی تفصیل اجرا سے میڈیا ہائپ اورغیرضروری خبریں پھیلیں گی اور بےبنیاد خبریں پھیلنے سے مختلف ممالک کیساتھ تعلقات متاثر اورملکی وقار مجروح ہوگا۔

شہری کو وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات دینے کا انفارمیشن کمیشن کا حکم چیلنج کر دیا گیا ہے۔  کابینہ ڈویژن نے انفارمیشن کمیشن آف پاکستان کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عتیق الرحمان صدیقی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان انفارمیشن کمیشن اور درخواست  گزار کو نوٹس کرتے ہوئے  جواب طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے نوٹسز جاری کیے۔