عام انتخابات بھی شفاف ہونگے‘ کسی کی مداخلت نہیں ہوگی‘ رانا ثنا اللہ

63

فیصل آباد (صباح نیوز) ن لیگ پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ12 ضمنی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں حکومتی ناکامی نے ثابت کردیا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے نہ اس کا ووٹ بینک ہے، اب عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کا جنازہ نکلے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ن لیگ2 تہائی اکثریت سے کامیاب ہوگی، نواز شریف کا بیانیہ ہی درست ہے، پارٹی میں نوازشریف کے بیانیے کی جو بھی نفی کرے گا اُس کی کوئی حیثیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران صرف سیاسی تماشہ لگانے والے ہیں، ملک چلانے والے نہیں۔ معیشت کا خانہ خراب کردیا ہے۔ بقیہ2 سال بھی عوام کو مزید تکلیف ہی دیں گے۔ عوامی مینڈیٹ اور سولین بالادستی کے بغیر ملک میں جمہوریت مستحکم ہوسکتی ہے نہ معیشت۔ عوام مہنگائی سے زندہ درگور ہوچکے ہیں، بجلی کے بلوں میں انکم ٹیکس لگانے کے بعد غریب عوام میٹرکٹوا کر چراغ جلانے پر مجبور ہوں گے۔ سیاسی اہداف میں ناکامی کے بعد حکمرانوں نے اپوزیشن، الیکشن کمیشن اور میڈیا کو ٹارگٹ بنا رکھا ہے۔ عمران خان کی کوئی خواہش پوری نہیں ہوگی، اُن کے ساتھ صرف چند غیر منتخب ترجمان ہیں جن کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں۔قوم کے ساتھ جھوٹ اور دھوکا دے کر اقتدار میں آنے والے آخری ایام میں ہیں، عام انتخابات میں ٹکٹ تو کیا اُن کا نام لینے وال اکوئی نہیں ہوگا۔