افغانستان میں تبدیلی کے بعد پاکستان دشمنوں کے نشانے پر ہے‘طاہر اشرفی

197

لاہور (آن لائن) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان میں تبدیلی کے بعد پاکستان دشمنوں کے نشانے پر ہے، دین و وطن دشمن قوتیں مذہبی طبقات کو دست و گریباںکے لیے کوشاں ہیں،موجودہ حالات میں قومی یکجہتی و اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استحکام پاکستان علما و مشائخ کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم قوم کو متحد کرنے کی پہلی سیڑھی ہے،افغانستان میں ہزیمت سے دو چار بھارت پاکستان کی سلامتی کے خلاف نئے منصوبے بنا رہا ہے۔ پاکستان اور اس کے نظریے کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، بھارت نے20 سال افغانستان میں بیٹھ کر دہشت اور وحشت پھیلائی، اس کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ضائع ہو چکی ہے۔ ایک مخصوص طبقہ یکساں نصاب تعلیم کے خلاف منظم مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پردے کے حوالے سے ریفرنڈم کروالیںتو99 فیصد مائیں بیٹیوں کے پردے کے حق میں ووٹ دیں گے، ہمیں کسی نئے آئین اور دستور کی ضرورت نہیں بلکہ ضرورت آئین پر عمل درآمد کرانے کی ہے۔ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ فتنوں کے خلاف معاشرتی اصلاح کے لیے قدم اٹھانا ہو گا، منبر و محراب میڈیا سے بڑی طاقت ہے۔