پرائیویٹ بینکوں کو شہریوں کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ جمع کرانیکا فیصلہ برقرار

275

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ محتسب کا پرائیویٹ بینکوں کو شکایت کنندگان کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ روپے کی رقم جمع کرانے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پرائیویٹ بینکوں نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کیخلاف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو درخواست دے
رکھی تھی۔ واضح رہے کہ شہریوں نجمہ سلطانہ، زاہد شاہ اور طارق محمود چودھری کے اکاؤنٹس سے دھوکا دہی کے ذریعے 12 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم نکال لی گئی تھی کیونکہ شکایت کنندگان نے نوسر باز افراد کو ٹیلی فون پر اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی تھیں۔ واضح رہے کہ شکایت کنندگان نے اپنے بینکس کی جانب سے آن لائن بینکنگ کی سہولت حاصل نہیں کر رکھی تھی۔ بلا اجازت اکاؤنٹس سے رقم ٹرانسفر کرنے پر بینکنگ محتسب نے پرائیویٹ بینکوں کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا اور اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ بینک صارفین کو اپنی مصنوعات کے بارے میں آگاہی اور تعلیم دینا بینکوں کی ذمے داری ہے۔