الیکشن کمیشن کے نوٹس پر وفاقی وزرا آپے سے باہر ہوگئے‘ مصطفی کھوکھر

52

اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد وفاقی وزرا آپے سے باہر ہوگئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وزرا کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کیا۔ پی پی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں، وکلا، صحافیوں اور دیگر طبقات کو الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔الیکشن کمیشن کو پہلے آگ لگانے کی دھمکی دی، اب متنازع بنانے کی مہم چلائی جارہی ہے، حکومت آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کے لیے
الیکشن کمیشن کی ساکھ خراب کر رہی ہے۔پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا منصوبہ اصل میں آئندہ عام انتخابات چوری کرنے کی سازش ہے۔ جب الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار کیا تو اسے بدنام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسکہ کے انتخابات میں حکومت کا دبائو قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔ ڈسکہ میں دھاندلی کا نوٹس لے کر پولیس اور انتظامیہ کے افسران کو معطل کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر کمیشن کی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت چیف الیکشن کمشنر کو سنگل آئوٹ کر کے ان پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہی ہے۔