شہباز شریف کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں امیدوار کھڑا نہ کرنے پر برہم

307

لاہور/ کوئٹہ (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف بلوچستان سے کنٹونمنٹ بورڈز کیلیے امیدوار نامزد نہ کرنے پر پارٹی کے قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ پر برس پڑے اور صوبے میں پارٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان میں پشتون بلوچ سرکردہ شخصیات کی شمولیت اور تنظیمی ڈھانچے کو فعال بنانے کیلیے خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو صوبے میں پارٹی کو فعال بنانے، تنظیمی عہدوں و دیگر معاملات کے بارے میں جامع رپورٹ مرتب کریگی۔ گزشتہ روز شہبازشریف کی زیر صدارت ماڈل ٹائون لاہور میں ن لیگ بلوچستان کے عہدیداروں کااجلاس ہوا جس میں بلوچستان سے قائم مقام صدر جمال شاہ کاکڑ، مرکزی رہنماء سینیٹرسردار یعقوب خان ناصر و دیگر نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے جمال کاکڑ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ن لیگ وفاق میں اہم جماعت ہے لیکن صوبائی صدر کی نااہلی سے بلوچستان میں پارٹی غیر فعال ہے۔