گرین لائن کی 40بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی‘ بندرگاہ پر تقریب

182

کراچی(نمائندہ جسارت)گرین لائن ریپڈ بس سروس کے لیے درآمد کی جانے والی 40 بسوں کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے۔کراچی کی بندرگاہ پر بسیں آف لوڈنگ کے موقع پرتقریب منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا علی حیدر زیدی ،اسد عمر، ایم کیو ایم رہنما امین الحق، فردوس شمیم نقوی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے 13 سال میں کراچی کے لیے کوئی ایک بس نہیں چلائی‘گرین لائن سے عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر ہوں گی‘ کے فور منصوبے کے ذریعے کراچی کو پانی کی فراہمی ہمارا عزم ہے‘ گرین بسوں کا کرایہ شہریوں کے لیے کم رکھا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو خوشخبریاں ملتی رہیں گی‘ پہلی بار کراچی میں ٹرانسپورٹ کا جدید نظام شروع ہونے جا رہا ہے‘ گرین لائن منصوبے کے لیے 40 بسیں پہنچی ہیں، مزید 40 بسیں اگلے ماہ کراچی پہنچیں گی‘ کنٹرول روم بنا لیا گیا ہے‘ بسوں میں پہلے سافٹ ویئر انسٹال ہوگا‘ اس کے علاوہ ایکنک کے آئندہ اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی منظوری بھی دے دی جائے گی جس کی مالیت ڈھائی سو ارب روپے ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ کراچی کا نوجوان بھی اب 20 روپے کرائے میں اچھا سفر کرسکے گا ‘ وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ گرین لائن بس سروس کی آپریٹر کمپنی ڈائیو کے آپریشن ہیڈ شاہ زمان نے بتایا کہ 200 ڈرائیورز کو تربیت دی جائے گی‘خواتین ڈرائیورز بھی رجوع کرسکتی ہیں‘بس اسٹیشن پر کیش ٹکٹ کی سہولت ہوگی‘ ماہانہ کارڈ سے بھی ٹکٹ کی ادائیگی کی جاسکے گی‘ کسی فنی خرابی کی صورت میں انجن بند ہونے پر بھی خودکار سسٹم 40 کلو میٹر تک بس کو چلاسکے گا، اس کے علاوہ ٹریک پر ہنگامی ایگزٹ اور ٹو ٹرک بھی موجود رہیں گے۔