آزاد کشمیر کونسل کے 4 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

238

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 4 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی، سینیئر وزیر تنویر الیاس کے علاوہ آزاد کشمیر حکومت کے وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت
کی۔ حلف اٹھانے والے ارکان میں خواجہ طارق سعید، سردار عبدالرزاق خان، شجاع خورشید راٹھور اور محمد یونس میر شامل ہیں۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور اور وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا بھی کی گئی۔ آزاد جموں و کشمیر کونسل 14 ارکان پر مشتمل ہے جس میں چیئرمین، وائس چیئرمین، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر انچارج کے علاوہ 6 منتخب اور 4 نامزد ارکان شامل ہیں۔ حلف اٹھانے والے 4 نومنتخب ارکان کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر ریاست کی قانون ساز اسمبلی نے 23 اگست کو کیا تھا۔