امریکا: بیرسٹر سلطان کا مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب پر احتجاج کا اعلان

136

لاہور/ میر پور (صباح نیوز) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اعلان کیا ہے کہ 25 ستمبر کو جب مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں
خطاب کرنے کیلیے آئے گا تو اس وقت کشمیری اقوام متحدہ کے د فتر کے سامنے زبردست احتجاج کریں گے۔ لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاجکے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل اور ضروری اجازت نامے حاصل کرلیے گئے ہیں، مظاہرے میں پاکستانی اور کشمیری نہ صرف نیویارک بلکہ امریکا بھر سے شرکت کیلیے آئیں گے اور میں 23 ستمبر کو او آئی سی کنٹیکٹ گروپ کے اجلاس سے وڈیو لنک کے ذریعے مسئلہ کشمیر بریفنگ دوں گا۔ علاوہ ازیں صدر آزاد کشمیر سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر مسعود اے شیخ و دیگر عہدے داران نے ملاقات کی ہے۔ صدر بار نے ہائیکورٹ میں ججوں کی تعیناتی اور دیگر مسائل پر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی توجہ مبذول کرائی صدر آزاد کشمیر نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں وکلا برادری کے کردار کو اہمیت حاصل ہے، وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کیلیے ہوم ورک جاری ہے۔ وفد نے صدر ریاست کو بار سے خطاب کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے 25 ستمبر کو بار سے خطاب کا وعدہ کیا ہے۔