بینظیر بھٹو یونیورسٹی کا سابق پروجیکٹ ڈائریکٹرکرپشن الزام میں گرفتار

347

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایف آئی اے سکھر نے لاڑکانہ میں کارروائی کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر کو40 کروڑ سے زاید کے مبینہ کرپشن معاملے پر گرفتارکرلیا،ملزم کو عدالت میں پیش کرکے دو روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سکھر ٹیم کیجانب سے شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے آریجہ کیمپس کے 2011 ء میں کیے گئے تعمیراتی کام میں مبینہ طور پر 40 کروڑ سے زاید کی کرپشن کے معاملے پر سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر عبدالوحید منگی کو گرفتار کرلیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کیجانب سے متعلقہ منصوبے کیلیے 12 ارب دیے گئے تھے اور کروڑوں کی مبینہ کرپشن کے بعد ایچ ای سی کی تحقیقات کی بنیاد پر انجینئر عبدالوحید منگی کو یونیورسٹی سینڈیکٹ کے ذریعے نوکری سے دستبردار کیا گیا تھا جسے بعد میں سندھ حکومت کے محکمہ یونین بورڈز کی جانب سے ایک انکوائری کروا کر واپس نوکری پر بحال کروایا گیا، ذرائع کے مطابق 21 ستمبر کو بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کی زیر صدارت بلایا جانا تھاجس میں اس معاملے کو زیر بحث لایا جانا تھا تاہم ایف آئی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انجینئر عبدالوحید منگی کو سینڈیکیٹ اجلاس سے قبل لاڑکانہ میں اہلخانہ کے ساتھ جاتے ہوئے نوڈیرو چوک کے قریب سے سڑک پر گرفتار کرلیا گیا۔