پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے، اسکی جڑیں عوام میں ہیں

198

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، اسکی جڑیں عوام میں ہیں کامیابی کی منازل طے کرے گی۔ پی پی کے ووٹ بینک میں مسلسل اضافہ اور پی پی میں سیکڑوں افراد کی شمولیت اسکے اوپر اعتماد کا اظہار ہے۔ بلاول کی قیادت میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔عوام نے جان لیا ہے کہ اب کارڈوں کی نہیں عملی سیاست کی جیت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی کے سابقہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید امداد شاہ رضوی نے نیشنل پر یس کلب ٹندوالہیار پر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی الیکشن اور آئندہ حکومت بھی جیالوں کی ہوگی۔ پی پی کے دور حکومت میں نہ مہنگائی تھی نہ ہی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، سڑکیں تعمیر ہورہی تھیں عوام کو مفت تعلیم دی جارہی تھی ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کی تعداد اتنی تھی کہ ٹھیکیدار نہیں ملتے تھے جو کام مکمل کر سکیں۔ بے روزگاری کی شرح نہ ہونے کے برابر تھی، صنعت و زراعت سمیت دیگر کاروبار نہایت تیزی سے چل رہے تھے اور پاکستانی تاجر برادری کے کاروبار میں روزانہ کی بنیادوں میں بہتری آرہی تھی پارٹی نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہمیشہ ملکی مفادات اور عوامی بھلائی کے لیے سیاست کی اس وقت ملک میں جو حالات ہیں اس سے عوام شدید پریشان ہے۔