میرپورخاص، کھیل کا میدان باڑے اور منشیات کے گڑھ میں تبدیل

99

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) کھیل کا میدان انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے سبب بھینسوں کے باڑے اور منشیات کے گڑھ میں تبدیل ہوگیا، چار دیواری نہ ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار وں نے بھی راستہ بنالیا۔ میرپورخاص کے علاقے مہاجر کالونی گرائونڈ انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بھینسوں کے باڑے میں تبدیل بلکہ منشیات استعمال کرنے والوں نے بھی اسے اپنا مسکن بنایا لیا ہے۔ گرائونڈ کی تعمیر ومرمت نہ ہونے کی وجہ سے گھاس کے بجائے مٹی اُڑتی رہتی ہے، چوکیداری نظام بھی موجود نہیں ہے، گرائونڈ کے چاروں طرف کسی زمانے میں لوہے کی گرل لگی ہوئی تھی جو کہ نشہ کرنے والوں نے مال مفت دل بے رحم سمجھ کر فروخت کردی۔ گرائونڈ میں کھیل کھود کے بجائے وہاں کے مقامی بچے اب نشہ کرتے نظر آتے ہیں۔ اس حوالے سے کئی بار میڈیامیں بھی خبریں آچکی ہیں مگر انتظامیہ اس جانب کوئی توجہ مرکوز کرنے پر تیار نہیں۔ اس حوالے سے اسپورٹس سے بے پناہ دلچسپی رکھنے والے صدر یوتھ اسپورٹس کمیٹی میرپورخاص رضی انصار نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سے مطالبہ کیا ہے کہ میرپورخاص کے تباہ حال مہاجر کالونی گرائونڈ سمیت جناح گرائونڈ، شمع گرائونڈ اور سیٹلائٹ ٹائون گرائونڈ کو دوبارہ آباد کیا جائے، وہاں سے مافیا کا قبضہ ختم کرکے کھیلوں کے لیے دوبارہ گرائونڈ بنایا، چوکیداری نظام قائم کیا جائے۔