حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے یکسوئی ہونی چاہئے ،مولانا فضل الرحمن

212

لاہور (صباح نیوز) ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے لوگ یکسو ہیں‘ حکومت پر دبائو ڈالنے کے لیے یکسوئی ہونی چاہیے‘ پیپلز پارٹی الائنس کے بارے میں ایسا رویہ رکھے جس کا فائدہ حکومت کو نہ ہو‘طالبان حکومت کو تسلیم کرنا افغانستان کو تسلیم کرنا ہے‘طالبان سے ہمدردی رکھیں اور فوراً ان کی حکومت کو تسلیم کریں۔ لاہور میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور روس دلچسپی دکھا رہے ہیں، ہمیں بھی رابطہ رکھناچاہیے‘ ہم افغانستان کے براہ راست پڑوسی اور تاریخی رشتے میں منسلک ہیں‘ افغانستان میں امن اور مستحکم لانے کے لیے تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ایک الائنس کے ہوتے ہوئے باہر سے بھی اپوزیشن کی جاسکتی ہے‘ ایک محاذ پر جنگ لڑنی چاہیے‘ کئی محاذ نہیں کھولنا چاہئیں‘ موجودہ حکومت میں ملک کو چلانے کی صلاحیت نہیں ہے۔