پی ٹی آئی کی صورت ملک پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہے،امیر العظیم

567

لاہور( نمائندہ جسارت ) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے جوہر ٹائون میں این اے 135 پی پی 161 کے ورکرز اور معززین علاقہ کے اعزاز میں ناشتہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے پی ٹی آئی حکومت کو مسترد کر دیا ہے ۔پی ٹی آئی حکومت نے نظریہ اسلام ،نظریہ پاکستان ،ملک کے آئین ،قانون،اسلامی اخلاقی سماجی اقدارکے خلاف اقدامات اٹھا کر سابقہ حکومتوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے عوام کو مہنگائی،بے روز گاری کے لالے پڑے ہوئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کہتے ہیں آپ نے گھبرانا نہیں سکون قبر میں ہے انہوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت کی صورت میں ملک کے عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط ہو گیا ہے امیر العظیم نے کہا ملک کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے عوام امانت دیانت جذبہ حب الوطنی سے سر شار دو قومی نظریہ کی محافظ قرآن و سنت کے نظام کی داعی جماعت اسلامی جو ملک کو اسلامی و خوشحالی کی طرف گامزن کرنے کا ویژن رکھتی ہے۔جس کی قیادت کی ایمانداری کے چرچے ہر طرف عام ہیں انہیں اپنا اعتامد تو دیں انشا اللہ جماعت اسلامی ملک میں خوشحالی کا انقلاب بر پا کر دے گی۔تقریب سے پی پی 161 کے گروپ لیڈر چوہدری عبد القیوم گجر نے بھی اظہار خیال کیا اس موقع پر جماعت اسلامی علامہ اقبال ٹائون زون کے امیر عبد العزیز عابد،حافظ لئیق و دیگر افراد بھی موجود تھے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کے اسلامی نظریاتی اور تہذیبی وجود کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے‘قرآن وسنت ، آئین پاکستان سے مکمل انحراف کیا جا رہا ہے۔ اسلامیان پاکستان وزیراعظم عمران خان کی خلاف اسلام قرآن وسنت سے متصادم قانون سازی کو کِسی قیمت پر تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی سے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ خارجہ اور اور داخلہ امور بہت سنجیدہ اور حساس ہیں لیکن حکومتی کھلنڈرا پن بڑی تباہی لا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان ضد، انا اور ہٹ دھرمی چھوڑی اور قومی ترجیحات کی روشنی میں داخلہ ، خارجہ اور اقتصادی محاذ پر متفقہ قومی پالیسی پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں۔