پی ایم ڈی اے میں موجود سقم کو دورکیا جائے‘ میڈیا تھنک ٹینک

124

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر غور کے لیے پاکستان میڈیا تھنک ٹینک کے زیر اہتمام میڈیا سے متعلق قانونی مسودے پر غور کے لیے ایک مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سینئر صحافیوں ظفرملک، فاروق عادل، اعجاز احمد اور ضرار خان کے علاوہ
پی ایف یو جے (دستور) کے صدر نواز رضا، آر آئی یو جے(دستور) کے فنانس سیکرٹری مرزا عبد القدوس بھی شریک ہوئے‘ جس میں پی ایف یو جے (دستور) کے اسسٹنٹ سیکرٹری محمد شعیب اور سینئر صحافی محمد اجمل نے وڈیو کال کے ذریعے شرکت کی‘عدالت عظمیٰ کے سینئر قانون دان ڈاکٹر صلاح الدین مینگل نے کہا کہ اخبار نوسیوں کے ہاتھ میں قلم کی طاقت ہے اور وہ اپنے جذبات اورا حساسات کا اظہار قلم کے ذریعے کر سکتے ہیں‘ میڈیا کے لیے جب بھی کوئی قانون بنایا جائے تو بہتر یہی ہوتا ہے کہ تمام فریق مشاورت میں شامل کیے جائیں اور کارکن صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے قانونی تحفظ فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ محمد شعیب نے کہاکہ ہم صحافیوں کے مسائل کے حل کی بات کرتے ہیں اور انہیں تحفظ دلانا چاہتے ہیں۔ نواز رضا نے کہا کہ پی ایف یو جے (دستور) اس قانونی مسودے کو مسترد کرچکی ہے اور ہم صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر جائز طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سینئر صحافی ظفر ملک نے کہا کہ حکومت قابل قبول بل پارلیمنٹ سے منظور کرائے۔ فاروق عادل نے کہا کہ جس مسودے پر ذرائع ابلاغ کے حلقوں میں بحث ہو رہی ہے اس میں موجود سقم اور تحفظات بھی دور کیے جائیں۔ اعجاز احمد نے کہا کہ ہم صحافیوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والے قانون چاہیے۔