قومی یکجہتی فورم کے تحت یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے تقریب

372

جدہ قومی یکجہتی فورم کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت قومی یکجہتی فورم کے کنونیئر سردار اقبال یوسف نے کی جبکہ تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل ویزا ملک طارق اور قونصل پریس سیّد حمزہ گیلانی تھے۔ تقریب میں پاکستان کی تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی گئی۔ نظامت کے فرائض میاں محی الدین نے احسن طریقے سے انجام دیے اور تقریب کا استقبالیہ جماعتِ اسلامی کے میاں ذوالفقار نے دیا۔ اپنے خطاب میں فورم کے کنونیئر سردار اقبال یوسف نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ ان کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ہماری زمین محفوظ ہے اور ہم ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔ قونصل پریس سیّد حمزہ گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں شہدائے پاکستان کے جذبہ ایمانی کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر ملک منظور اعوان نے کہا کہ جنگِ بدر سے لے کر آج تک جذبہ ایمان کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ ہمارے جوان ہمارا فخر ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ملک شمس الطاف نے کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے عقیل آرائیں، جے یو آئی کے قاری رفیع اللہ، گلزار منظور مانگٹ، کشمیر کمیٹی جدہ کے نصر اقبال، چیئرمین جے کے سی او خورشید احمد متیال، چودھری محمد اسلم اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔پاک اوورسیز میڈیا فورم، پاکستان جرنلسٹ فورم کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام شہدا اور بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی کے لیے بلندی درجات کی دعا پر ہوا۔