HDA ایمپلائز یونین کی ہڑتال 21ستمبرسے ہوگی

162

HDAایمپلائز یونین(CBA) کی جانب سے فلٹر پلانٹ جامشورہ پر شعبہ واسا کے ملازمین نے 11ماہ کی تنخواہوں ،پنشن اور ورک چارج کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر نہ کرنے کے خلاف 4گھنٹے نیو فلٹر پلانٹ جامشورو بند کیا گیا۔ مزدوروں نے HDA انتظامیہ اور حکومت سندھ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اپنی تنخواہوں، پنشن اور ریگولر کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ ہڑتال کے دوران دوپہر 2 بجے منیجنگ ڈائریکٹر واسا زاہد حسین اور ڈائریکٹر فنانس محمد وسیم احمد نے ہڑتالی کیمپ میں مذاکرات کے لیے آئے اور یونین کے عہدیداروں سے ملازمین کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی جس میں ورک چارج کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے جلد از جلد حکومت سندھ سے اجازت لے کر سنیارٹی کی بنیاد پر ریگولر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے اور ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لیے حکومت سندھ پر واجب الادا رقم کے لیے پیشرفت کی جائے گی جس کے لیے ایم ڈی واسا اور ڈائریکٹر فنانس نے CBA یونین سے کچھ دن کی مہلت طلب کی اس تمام صورتحال کے پیش نظر HDA ایمپلائز یونین نے ملازمین سے مشاورت کے بعد یہ طے پایا کہ 21 ستمبر تک ہڑتال کو موخر کیا جائے۔ اگر اس کے بعد بھی مسائل حل نہ ہوئے تو بدھ سے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا جائے گا۔