اے پلس کیٹیگری میں صرف ڈومیسٹک پرفارمرز رکھے جائیں، کامران اکمل

276

لاہور(جسارت نیوز)کرکٹر کامران اکمل نے اے پلس کیٹیگری میں صرف ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہا کہ اے پلس کیٹیگری ڈومیسٹک کرکٹرز کیلیے بنائی گئی تھی، اس میں صرف ڈومیسٹک کھیلنے والے پرفارمرز ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اے پلس کیٹیگری میں ڈومیسٹک نہ کھیلنے والوں کو شامل کرنا زیادتی ہے، اتنے بڑے ادارے میں اتنے بڑے بڑے لوگ بیٹھے ہیں، انہیں پالیسی بنانی چاہیئے اور اس پر عمل بھی کرنا چاہیئے۔کامران اکمل نے کہا کہ مجھ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کنٹریکٹ دینے سے قبل رابطہ کیا تھا، میں نے سینیارٹی کی بنیاد پر ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا کہا تھا، میں نے اپنے تجربے اور پرفارمنس کے لحاظ سے اے پلس کیٹیگری کا کہا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ سینئر کھلاڑیوں کو عزت دینی چاہیے،یہ ہمارا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمیز راجا نے چیئرمین بننے کے ساتھ ہی بہت اچھے فیصلے کیے ہیں، خوشی اس بات کی ہے کہ کھلاڑیوں کے پیسے بڑھائے گئے ہیں۔