سردار عطااللہ مینگل نے مظلوم قوموں کیلیے آواز بلند کی،مقررین

248

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عطااللہ مینگل ایک نام نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، سردار عطااللہ مینگل نے ہمیشہ مظلوم قوموں کے لیے آواز بلند کی۔ سردار نے مشکل وقت میں بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ ایوب خان اور یحییٰ خان کی آمریت ہو یا بھٹو کی نام نہاد جمہوریت ہو ہر دور میں سردار عطااللہ مینگل اپنے عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ بلوچستان میں قبضہ گیری پالیسی چل رہی ہے۔ سردار عطااللہ مینگل نے اپنے دور میں بلوچستان میں قبضہ گیری پالیسی کو ناکام بنایا۔جب تک اس ملک میں محکوم قوموں کو ان کے حقوق حاصل نہیں ہوتے ہم اس وقت تک سردار عطااللہ مینگل کے نظریے پر چلتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار بلوچ متحدہ محاذ کی طرف سے اتوار کو لیاری میں سردار عطااللہ مینگل کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس سے متحدہ محاذ کے سربراہ یوسف مستی خان، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما امیر نواب خان، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارت وال، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری آغا حسن اور ڈاکٹر عبدالحئی، عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اختر حسین ایڈو کیٹ ودیگر نے خطاب کیا۔