میرمرتضیٰ بھٹوکی 25ویں برسی آج گڑھی خدابخش میں منائی جائیگی

338

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے بیٹے سابق وزیراعظم شہید بے نظیربھٹو کے بھائی میر مرتضیٰ بھٹو کی 25 برسی آج 20ستمبر کو گڑھی خدابخش لاڑکانہ سمیت ملک بھرمیں منائی جائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات آصف خان نے شہید مرتضیٰ بھٹو کی 25ویں برسی کے موقع پرکہا ہے کہ استحصالی قوتوںکوذوالفقار بھٹوکے روپ میں ایک اوربھٹو برداشت نہیں تھا اسی لیے انہیں شہید کرکے عوام سے دور کردیا گیا۔علاوہ ازیں پی پی پی کراچی ڈویژن کے تحت (آج) 20ستمبر2021 پیرکوشام 5بجے پیپلز سیکرٹریٹ کراچی میں شہید مرتضیٰ بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فاتحہ خوانی و دعا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ملک کے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بیٹے میرمرتضیٰ بھٹو 42سال کی عمر میں 20ستمبر 1996ء کو کراچی میں اپنی بہن محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے دور اقتدار میں اپنے گھر کے قریب پولیس فائرنگ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کے زیر اہتمام لاڑکانہ اور صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں کارکن خصوصی تقریبات منعقد کر یں گے جس میں میر مرتضیٰ بھٹو مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی جائے گی جبکہ خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔مرتضیٰ بھٹو 18ستمبر1954ء کو کراچی میں پیدا ہو ئے۔والد کی برسی پرفاطمہ بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ پچیس برس قبل میرے والد کو ہمارے گھر کے سامنے قتل کیا گیا۔ ہمیں ان کی عدم موجودگی کا صدمہ اٹھائے 25 سال گزر گئے اور ساتھ ہی یہ ہمیں یہ دکھ بھی سہنا پڑا کہ انہیں اور ان کے ساتھ قتل ہونے والے ساتھیوں کو انصاف نہیں ملا۔ لیکن ان تمام عرصے میں‘ میں جب بھی ان کے بارے میں سوچتی ہوں تو میرے تصور میں ان کا ہنستا مسکراتا چہرہ ہی آتا ہے۔