اپیکا کا جعل سازی سے ترقیاں لینے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

189

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن( ایپکا) محکمہ تعلیم اسکولز کراچی کے صدر ملک خورشید احمد قادری نے کہا ہے کہ آؤٹ آف ٹرن ترقیاں پانے والوں، جعل سازی اور غیر قانونی طریقے سے ترقیاں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے لیکن اسکے برعکس سینئر ملازمین جنہوں نے ترقی پانے والے جونیئر ملازمین کو چیلنج کرکے اپنی ترقی حاصل کی، ان کی تنزلی منظور نہیں ۔اگر جبری طور پر کارروائی کی گئی تو ملازمین کے جائز حقوق کے لیے ہر دروازے پر دستک دیںگے، احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان بھی کریںگے اور سندھ بھر کے تمام اضلاع میں تعلیمی دفاتر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ایپکا نے سیکرٹری تعلیم کو مشورہ دیا کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دیں اور جو بھی تدریس و غیر تدریسی ملازم غلط ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں مگر کسی ملازم کی حق تلفی نہ کریں ،یہ ایک سازش کی جارہی ہے اور پُرامن ملازمین کو پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف احتجاج پر اکسایا جا رہا ہے۔ ایپکا نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ سیکرٹری تعلیم اسکولز کو تعلیم میں بہتری کے لیے اقدامات کرنے کا کہا جائے اور سندھ بھر میں بند اسکول کھولنے کو ترجیح دی جائے۔