کوتھم کی چھٹی کانوکیشن، 150کلنری،بیکنگ شیف میں اسناد کی تقسیم

384

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی کے میرٹ ہوٹل میں پاکستان کے مشہور و معروف ہوٹل مینجمنٹ کالج ’’کوتھم‘‘ نے اپنی چھٹی کانوکیشن منعقد کی، جہاں 150 سے زائد کلنری اور بیکنگ شیف اور ہوٹل مینجمنٹ گریجویٹ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ کانوکیشن کے مہمان خصوصی پاکستان انجینئرنگ کونسل کے نو منتخب صدر نجیب ہارون جب کہ مہمانان خصوصی میں کوتھم پاکستان اور دبئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوتھم کراچی انجینئر صابراحمد، کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل خیر النظران عبد الرحمن تھے۔ تقریب میں طلبہ کے ساتھ ان کے والدین اور کراچی کی ہوٹل اور فوڈ انڈسٹری سے بڑی تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔ کانوکیشن تقریب کے ناظم مرزا ثوبان بیگ نے کوتھم کراچی کے چھٹی کانوکیشن کو پاکستان کے لیجنڈ محمد علی سدپارہ کے نام کیا۔تقریب سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوتھم کراچی انجینئر صابر احمد نے کہا یہ دو سال پاکستان اور دنیا بھر کی ہاسپٹلٹی فوڈ اور ایجوکشن انڈسٹری کے لیے کڑی آزمائش کے سال تھے کورونا نے تعلیمی سلسلے کو بہت نقصان پہنچا یا لیکن کوتھم کے پر عزم طلبہ نے ان مشکل حالات میں تعلیم کو مکمل کیا اور آج نئے عزم کے ساتھ یہاں موجود ہیں اور پاکستا ن اور دنیا بھر کی انڈسٹری میں کام کر نے کے لیے تیار ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے انجینئر نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دنیا بھر کی معیشت مشکل حالات سے گزر رہی ہے، خطہ کے بدلتے ہوئے حالا ت جہاں مشکلات کا سبب ہیں وہیں خاص طور پر ہاسپٹلٹی فوڈ اور ٹورزم انڈسٹری کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں ۔