سرفراز اور فواد عالم کی حمایت میں ایم کیو ایم پاکستان کا احتجاجی مظاہرہ

261

کراچی(آئی این پی)ایم کیو ایم پاکستان نے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں بالخصوص سرفراز احمد اور فواد عالم کو شامل نہ کرنے پر احتجاج کیا اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کردیا،ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرنے اور نیشنل اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کی دھمکی بھی دی۔ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سندھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کیخلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر بالخصوص سرفراز احمد کے حق میں نعرے درج تھے اور پی سی بی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے سینئرڈپٹی کنونیئر اور رہنما عامر خان نے کہا کہ چیئررمین پی سی بی سندھ کے کھلاڑیوں کو پسند اور ناپسندیدگی کی بنیاد پر نظر انداز کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں، رمیز ابھی نئے آئے ہیں، انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔عامر خان نے کہا کہ فواد عالم کو دس سال نظر انداز کیا گیا،جب فواد عالم کو موقع ملا تو انہوں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے لوگوں کے منہ پر طمانچہ مارا، سرفراز احمد نے ٹیم کو ورلڈ یمپئن بنوایا، سرفراز جیسے کھلاڑی کو متعصب لوگوں نے باہر نکالا، شہری سندھ کے کئی کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دی لیکن انھیں ٹیم سے باہر رکھا جارہا ہے،اچھی پرفارمنس دینے والوں کو ٹیم میں شامل کیا جائے، نوجوان کرکٹرز ملک کا مستقبل بننا چاہتے ہیں،بلوچستان اور کے پی میں بھی زیادتی پر آواز اٹھائی ہے۔عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب پاکستانی ٹیم میں کراچی کے کرکٹرز کو موقع ملتا تھا،جب کراچی کے کھلاڑی ٹیم میں ہوتے تھے تو ٹیم کا پوری دنیا میں ڈنکا بجتا تھا، عامر خان نے مطالبہ کیا کہ رمیز راجا باصلاحیت کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کریں اور ملک میں کلب کرکٹ کو بحال کریں۔