تاجروں کا جبری سیلز ٹیکس کیخلاف 27 ستمبر کو وزارت خزانہ کے گھیرائو کا اعلان

206

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) مر کزی تنظیم تا جران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے کہا ہے کہ چھوٹے تاجروں کی جبری سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے خلاف 27 ستمبر کو ملک بھر کے تاجر وزارت خزانہ کا گھیراؤ کریں گے، اس سے قبل ملک بھر میں کنونشنز کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے 23ستمبر کو ملک گیر تاجر کنونشن ملتان میں منعقد ہو گا، اگر حکومت نے تاجروں کودر پیش مسائل کو حل نہ کیا تو ملک گیر مشاورتی عمل کے بعد پورے ملک میں شٹرڈان ہڑتال کا اعلان کیا جا ئے گا جو پھر مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں پر یس کانفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر مرکزی تنظیم تاجران پنجاب کے صدر شرجیل میر ،ملک ظہیر، ملک رضوان ، شیخ جاویداختر، شیخ وحید، عظیم الحسنات ، جاوید اعوان ، زاہد قریشی ، چودھری ساجد اقبال ،طاہر تاج بھٹی ، سجاد عباسی اور دیگر بھی مو جو د تھے۔کاشف چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے اضافی ٹیکسز کا نفاذ کسی طور منظورنہیں ،حکومت منتخب ایوان سے مشورہ کرتی ہے نہ ہی تاجر نمائندگان سے مشاورت لرتی ہے تو بتائے کہ معاشی پالیسیاں کہاں تشکیل پا رہی ہیں؟