انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے معذت کرلی

317

لندن: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی مینز اور ویمینز ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، کرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹیم کا بھی دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا ہے، انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ اس فیصلے کا پاکستان کرکٹ پر اثر ہوگا، ہمارے لیے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی صحت اولین ترجیح ہے، اس فیصلے سے پی سی بی کو شدید مایوسی ہوگی جس نے اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے انتھک محنت کی جب کہ پی سی بی کا گزشتہ دو ماہ کے دوران انگلش کرکٹ کے لیے تعاون دوستی کی واضح مثال ہے۔

انگلش بورڈ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے پاکستان کرکٹ پر پڑنے والے اثرات کے لیے معذرت خواہ ہیں تاہم اپنے مستقبل کے وعدے کے 2022 کے ٹور پر توجہ مرکوز ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز اگلے ماہ ہونی تھی تاہم نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان اچانک منسوخ کیے جانے کے بعد انگلینڈ کے دورے پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ دنوں پہلے میچ سے قبل سکیورٹی کو جواز بنا کر دورہ پاکستان ختم کردیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سیریز بھی ملتوی کردی گئی۔