لاہور: مفتی محمد تقی عثمانی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر منتخب

415

لاہور: ممتازعالم دین مفتی محمد تقی عثمانی کو وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے جبکہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مولانا انوار الحق نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس جامعہ اشرفیہ لاہور میں منعقد ہوا جس میں جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی شریک ہوئے اور مولانا فضل الرحمان نے مولانا عبدالرزاق سکندر کی وفات کے بعد سربراہ کا عہدہ خالی ہونے پر مفتی تقی عثمانی کا نام اس عہدے کے لیے تجویز کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے وفاق المدارس کے سربراہ کے لیے مفتی تقی عثمانی کا نام تجویز کیا تو اجلاس میں شریک علمائے کرام نے ان کی حمایت کی جس کے بعد مفتی تقی عثمانی کو بلامقابلہ وفاق المدارس العربیہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے مفتی تقی عثمانی کو مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مولانا انوار الحق نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔

خیال رہے مفتی تقی عثمانی معروف عالم اور جید فقیہ ہیں اوران کا شمارملک کی نامور علمی اور مذہبی شخصیات میں ہوتا ہے جبکہ  آپ نے  پنجاب بورڈ سے فاضل عربی کی تعلیم حاصل کی اور درس نظامی سے فارغ ہونے کے بعد کراچی یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے عربی کی سند حاصل کی ہے۔

مفتی تقی عثمانی 44 سے زائد کتابوں کے مصنف اور البلاغ نامی جریدے کے مدیر بھی ہیں جو اردو اور انگریزی میں شائع ہوتا رہا ہے،  انہوں نے سنہ 1981 فیڈرل شریعت کورٹ میں جج کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔

آپ نے پاکستان میں اسلامی بینکنگ کا نظام متعارف کرانے میں بھی ان کا بنیادی کردار رہا ہے اور 7 اسلامی بینکوں میں بحیثیت شرعی مشیر کام کر رہے ہیں  جبکہ آپ  دارالعلوم کراچی میں حدیث اور فقہ بھی پڑھاتے رہے ہیں اور  موجودہ دارالعلوم کراچی کے نائب مہتمم ہیں۔