اپوزیشن کی حساس معاملے پر سیاست افسوسناک ہے، خرم شیر زمان

115

کراچی (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز منسوخی پر پروپیگنڈا کرنے والی اپوزیشن جماعتیں زہریلے سانپ ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کی حساس معاملے پر سستی
سیاست افسوسناک ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پاکستان کی سالمیت پر ہمیشہ منفی سیاست کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے لیے پاکستان کی عظیم فوج سیکورٹی پر مامور رہی۔ اس سے قبل سری لنکا، زمبابوے،ویسٹ انڈیز اور دیگر ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ ہمیں پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز اور فورسز پر مکمل اعتماد ہے۔ اپوزیشن گمراہ کن بیانات سے باز رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم پر امن قوم ہے اور اس ملک کو امن کا گہوارا بنانے کے لیے سیکورٹی فورسز سمیت عوام نے بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں۔ افواج پاکستان نے ایک طویل عرصے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ کر کے اس ملک میں امن و امان قائم کیا ہے۔