مریم نواز نے طنزیہ ٹوئٹ کرکے چھوٹی سوچ کا مظاہرہ کیا، فرخ حبیب

265
فیصل آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

فیصل آباد (اے پی پی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی تھی مگرٹیم کی اچانک واپسی کے فیصلے سے پاکستانی قوم کوسخت مایوسی ہوئی ، بار بار اصرار کے باوجودنیوزی لینڈ کی ٹیم کی طرف سے کوئی شواہد فراہم یا سیکورٹی تھریٹ انفارمیشن
شیئر نہیں کی گئی، مریم نواز نے دورہ نیوزی لینڈ منسوخ ہونے پر طنزیہ ٹوئٹ کرکے چھوٹی سوچ کا مظاہرہ کیا ہے اور ایک بار پھر یہ باور کرایا ہے کہ شریف خاندان کو پاکستان کے پاسپورٹ کی حرمت کا کوئی پاس نہیں۔ ہفتے کی سہ پہر مدینہ مسجد سمن آباد فیصل آباد میں اخوت کی جانب سے غریب خاندانوں میں بلا سود قرضہ جات تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا اچانک دورہ منسوخ کرنا افسوسناک ہے حالانکہ ہم نے میچز کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جبکہ اس سے قبل کشمیر پریمیئر لیگ کے موقع پر بھی بھرپور سیکورٹی فراہم کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جب نیوزی لینڈ کے اندر ہی کرائسٹ چرچ کے اندرمسجد پر دہشت گردی کا واقعہ ہوا وہاں پر درجنوں لوگوں کو شہید کردیا گیا اس وقت بنگلا دیش کی ٹیم وہیں پر موجود رہی جبکہ اس سے پہلے جو برطانیہ میں بم اٹیک ہوئے تھے اس وقت بھی وہاں آسٹریلیا انگلینڈ کی سیریز چل رہی تھی جبکہ یہاں پر تو ایسا کوئی واقعہ کوئی ایسا معاملہ بھی نہیں تھا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے واقعے کے حوالے سے پوری دنیا نے پاکستان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے تاہم وہ مسلم لیگ ن کو کہنا چاہتے ہیں کہ وہ بھی طنزیہ ٹوئٹس کے بجائے قومی سوچ کو اپنائے۔