امریکی آلہ کاراب بھی افغانستان میں جنگ چاہتے ہیں، گلبدین

263

کابل (صباح نیوز)افغانستان کی حزب اسلامی کے سربراہ اورسابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے افغانستان میں امریکا کے آلہ کاروں نے افغانستان کے خلاف کام کیا جواب بھی جنگ چاہتے ہیں، ایسے لوگوں سے مفاہمت نہیں کرنی چاہیے۔نجی ٹی وی پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حزب اسلامی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا ہوتا رہا ہے، غیر ملکی میڈیا پاکستان کا عالمی امیج خراب کر رہا ہے، سی آئی اے کا چیف افغانستان آتا ہے تو شورنہیں مچایا جاتا، پاکستانی وفد آتا ہے توپوری دنیا میں شورمچایا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مہاجرین کواپنی زمین دی، افغانستان کی حکومت میں ایسے افراد رہے جنہوں نے پاکستان پرالزام لگائے، یہ لوگ سوویت یونین سے بھی ملے ہوئے تھے، 40 برسوں سے میڈیا بھی انہی لوگوں کے کنٹرول میں رہا۔افغانستان کی خواتین اپنے حقوق کوجانتی ہیں، خواتین کے حقوق سے انکارنہیں کیا جاسکتا،ہمیں عالمی امداد کی ضرورت ہے، کوئی بھی ملک امداد بغیر شرائط کے نہیں دیتا۔ دنیا بھرکے سرمایہ کارافغانستان میں سرمایہ لگانا چاہتے ہیں۔ گلبدین حکمت یار کا کہنا تھا کہ امریکا کا رویہ امتیازی ہے، امریکا افغانوں پر طرح طرح کی شرائط لگانا شروع کردیتا ہے، ہمارے 3سابق وزرائے خزانہ، سابق صدر پیسے چرا کر بھاگ گئے، افغانستان میں دوسرے ممالک کے سفارتخانوں کوکھولنے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے۔