حیسکو کا بوسیدہ نظام شہریوں کیلیے وبال جان بن گیا،عقیل احمد خان

109

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان اور نائب امیر عبدالقیوم شیخ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حیدرآباد میں حیسکو کا بوسیدہ نظام شہریوں کے لیے عذاب بن گیا شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں پر جھولتی تاروںاور آئے روز ٹرانسفارمرز پھٹنے کے حادثات میں 2 ماہ کے دوران ایک درجن سے زاید شہری اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں لیکن حیسکو چیف سمیت دیگر افسران کے کانوں پر ابھی تک جوں تک نہیں رینگی ،حیسکو انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ٹرانسفارمرز عوام کے لیے بن بم گئے ہیں،حیسکو میں بہتری کے تمام تر دعوئوں کے برعکس غیر اعلانیہ بجلی کی بندش سمیت بلوں کی درستی کا عمل انتہائی پیچیدہ و طویل بنا دیا گیا ہے۔حیسکو انتظامیہ کی نااہلی سے شہر بھر میں کئی گھنٹے بریک ڈائون کا عمل شہریوں و کاروباری افراد کو سزا دینے کے مترادف ہے اوربجلی کے تعطل کے باعث شہر بھر میں نکاسی وفراہمی آب کا نظام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے کی جانے والی بلا جواز لوڈشیڈنگ سے لوگو ں کا چین بھی ختم ہو گیا ہے۔ حیسکوکی اس ناقص کارکردگی نے عوام کے صبر کے پیمانے کو لبریز کر دیاہے کسی بھی علا قے میں ہونے والی معمولی نوعیت کی تکنیکی خرابی کو بنیاد بنا کرکئی گھنٹے کی بجلی بندش نے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ خدانخواستہ شہر میں کوئی امن وامان کا مسئلہ نہ پیدا ہوجائے، اگر حیسکو انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام کو کنٹرول کرنا مشکل و دشوار ہوجائے گا۔انہوں نے حیسکوکے افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ بلا جواز غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عمل فوری طور پر بند کریںجماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔