کرنٹ لگنے و دیگر واقعات میں 8 افراد جاں بحق

164

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )حادثات واقعات کے دوران خاتون سمیت 8 افراد جاںبحق ایک ملز م سمیت7افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10جامع مسجد ربی کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 60 سالہ تسلیم ولدسلطان جاں بحق ہوگیا ۔ جناح اسپتال کے داخلی دروازے کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑ ی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ شریف آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد بندھانی کالونی میںفٹ پاتھ پر پڑی 45سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔سائٹ بی کے علاقے سائٹ ایریا پاکستان کیبل والی گلی میں قائم نجی فیکٹری میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35 سالہ اقبال کو نیم بے ہوشی کی حالت میں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی۔ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے جوگی موڑ کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 28 سالہ شاہنواز ولد محبوب علی جاں بحق ہوگیا۔ شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر کالونی سے 30 سالہ مراد ولد صابر کو جھلسی ہوئی حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او شرافی گوٹھ عدیل شاہ کے مطابق زخمی نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔ سپر ہائی وے سبزی منڈی کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے40سالہ عبداللہ ولدمنیر زخمی ہوگیا ، جسے طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس نے دوران علاج دم توڑدیا۔ لانڈھی ریلوے پولیس کی حدود بن قاسم پل کے قریب ریلوے ٹریک پر کراچی سے پشاور جانیوالی عوامی ایکسپریس کی ٹکر سے 28سالہ شخص موقع ہی پر ہلاک ہوگیا۔ منگھو پیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے 30سالہ قادر ولد محمد شاہ زخمی ہوگیا۔ پرانا گولیمار شیرین بیکری کے پاس نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ صابرہ زوجہ امام بخش زخمی ہوگئی۔ الفلاح کے علاقے وائرلیس گیٹ گولڈن ٹاؤن کے قریب موبائل فونز شاپ پر مسلح ڈاکوو ں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر40 سالہ رزاق ولد صادق کو فائرنگ سے زخمی کردیا۔ کورنگی مہران ٹاؤن کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے چھینا جھپٹی کے دوران فائرنگ سے 45 سالہ شبیر ولد اللہ دتہ کو زخمی کردیا ،۔ بلا ل چورنگی شیل پڑول پمپ کے قریب حادثے میں47سالہ محمد اکرم ولد محمد نواز زخمی ہوگیا ۔ ادھر گلبرگ تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 10 کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ تنویر زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تنویر اپنے مالک سید مسرت حسین جو کہ سرکاری محکمے کے ریٹائرڈ افسر ہیں وادی حسین قبرستان سے گھر واپس آرہا تھا کہ اس دوران مالک کی اپنے ڈرائیور سے تلخ کلامی ہوئی تو مالک نے اس پر2 گولیاں داغ دیں۔ پولیس نے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔