جوناگڑھ کی آزادی کیلیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی، اقبال ساندھ

198

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی کابینہ کے اراکین کی جانب سے صدر اقبال ساندھ کو وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی بننے پر جوناگڑھ کمیونٹی لان میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر صدر اقبال ساندھ نے جوناگڑھ کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2012ء سے جوناگڑھ کی آزادی کے لیے ریلیاں اور جلوس نکالے اور جلسے منعقد کیے جس سے جوناگڑھ کی آزادی کی تحریک میں تیزی آئی اور 2019ء میں ہم نے UNO کے ریزیڈنٹ کو یادداشت بھی پیش کی اور ہم ریاست جوناگڈھ کی آزادی اور جوناگڈھ کی عوام کے حقوق کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جوناگڈھ نواب کی مراعات فوری بحال کی جائیں اور جوناگڈھی عوام کی نیشنیلٹی، تعلیم، صحت اور روزگار کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ اس موقع پر جوناگڈھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی کابینہ کے اراکین فاروق شیخ، عبدالستار ترک، یوسف شیخ، بشیر قریشی، قاضی مصطفی، محمد علی اجمیری، جمال ناصر، امان ملک بھی موجود تھے۔