مسلم لیگ (ن) کا الیکشن کمیشن سے وفاقی وزراء کو سزا دینے کا مطالبہ

344

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے وفاقی وزراء کو سزا دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ووفاقی وزراء فواد چوہدری اور سینیٹر شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے،الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اکسانے پر وزرا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اس لئے پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الیکشن کمیشن پر حملے کئے جارہے ہیں، الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمیشن وفاقی وزراء کے خلاف قانونی کارروائی کرے ،الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی غیرجمہوری اور آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے، آرٹی ایس کی پیداوار حکومت اور اس کے وزراء چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور اس کے ارکان آئین اور قانون کی زبان بول رہے ہیں جو مسلط شدہ حکومت کو سمجھ نہیں آتی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب غیرقانون فارن فنڈنگ سے نجات کے لئے الیکشن کمیشن پر دباو ڈال رہے ہیں ،عمران صاحب کے حکم پر غیرقانونی فار ن فنڈنگ کیس میں من مرضی کا فیصلہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیاجا رہا ہے ،ڈسکہ الیکشن کی دھند اور الیکشن چوری پکڑے جانے کی رپورٹ رکوانے کے لئے حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے ،ڈسکہ اور اب کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج کا غصہ عمران صاحب کے حکم پر الیکشن کمیشن پہ نکالا جا رہا ہے۔