یورپ: گھریلو تشدد سے ہر ہفتے 50 خواتین کی ہلاکت

209

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک)یورپی پارلیمان میں پیش کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یورپ بھر میں ہر ہفتے 50 خواتین گھریلو تشدد سے ہلاک ہو جاتی ہیں۔ اس رپورٹ کی روشنی میں پارلیمان کے ارکان نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ہے کہ صنفی امتیاز کی بنیاد پر کیے جانے والے تمام جرائم کو یورو کرائم کی فہرست میں شامل کرکے انہیں دہشت گردی جیسے جرم کے طور پر تصور کیا جائے۔ یہ بات یورپ میں خواتین کی صورتحال سے متعلق جاری کردہ ایک رپورٹ اور اس کی بنیاد پر پیش کردہ ایک قرارداد پر رائے شماری کے دوران سامنے آئی۔ پارلیمان میں پیش کردہ قرارداد کے حق میں 427 ووٹ آئے۔ 119 نے مخالفت کی، جب کہ اس دوران 140 ارکان غیر حاضر رہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یورپ میں 75 فیصد کام کرنے والی خواتین کو کسی نہ کسی انداز میں ہراساں کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کی مصنفہ ڈیانا ریبا نے بتایا کہ یورپی یونین میں ہر 3 میں سے ایک عورت کو ذہنی یا جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یورپی ممالک میں بسنے والی نصف خواتین کو ہراساں کیے جانے کا سامنا ہے۔ یورپ میں اسمگل ہونے والی متاثرہ خواتین کی تعداد 95 فیصد ہے۔ قرارداد میں خواتین اور لڑکیوں سے متعلق جرائم کو منشیات واسلحہ کی اسمگلنگ، سائبر کرائم اور دہشت گردی جیساقرار دینا کا مطالبہ کیا گیا ہے۔