القاعدہ سے روابط کا الزام‘ 5 افراد پر امریکی پابندیاں

205

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزارت خزانہ نے القاعدہ تنظیم سے روابط کی پاداش میں 5 افراد پر پابندیاں عائد کردیں۔ ان میں 3 افراد کا تعلق ترکی سے ہے۔ وزارت خزانہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ تمام ملزمان ترکی میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے القاعدہ تنظیم کو مالی تعاون اور تکنیکی اشیا فراہم کیں۔ پابندیوں کے تحت ان کے امریکامیں موجود اثاثے منجمد کردیے گئے ہیں۔ پابندیوں کی زد میں آنے والوں میں مجدی سالم شامل ہے۔ مصر میں پیدا ہونے والا مجدی ترکی میں مقیم ہے اور بطور وکیل کام کر رہا ہے۔ وہ ترکی میں القاعدہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم ترین سہولت کار ہے۔ اسی طرح محمد نصر الدین غزالی مصری شہریت رکھتا ہے اور القاعدہ تنظیم کے لیے سہولت کاری کا ماہر شمار ہوتا ہے۔ متاثرہ افراد میں تیسرا شخص نورالدین مصلحان ہے۔ وہ ترک شہری ہے اور ترکی میں القاعدہ کے لیے مالی سہولت کا شمار ہوتا ہے۔ اس نے ترکی میں القاعدہ تنظیم کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا۔ سبریل جوزیل بھی ترک شہری ہے اور اس نے نورالدین مصلحان کے ساتھ مل کر کام کیا۔ متاثرہ افراد میں آخری نام ترک شہری سونر جورلن کا ہے۔ وہ ترکی میں ہی مقیم ہے۔ جورلن نے القاعدہ تنظیم کے ایک شدت پسند کو مدد پیش کی اور سفر کے سلسلے میں اس کی معاونت کی۔