پاکستان کی افغانستان کے لیے برآمدات دگنی ہوگئیں

344

اسلام آباد(صباح نیوز)افغانستان میں طالبان حکومت قائم ہونے کے بعد پاک افغان تجارت پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔پاکستانی مصنوعات کی افغانستان کے لیے برآمدات دگنی ہوگئی ہیں۔ حکومت اور تاجر دونوں ہی تجارت کے فروغ کے لیے پر عزم ہیں۔افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاک افغان دوطرفہ تجارت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ طالبان کی حکومت کے ابتدائی دنوں میں یومیہ 150کنٹینرز کی ترسیل
اب 400 گاڑیوں تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی برآمدات میں 70 فیصد سیمنٹ کے علاوہ ادویات، اسٹیل کی مصنوعات، بھاری مشینری ، پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔تجارت میں بہتری کے ساتھ ہی افغانستان میں بینکنگ نظام کی بحالی کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔خطے میں تجارت کا فروغ قیام امن سے وابستہ ہے۔ افغانستان کے امن وامان میں بہتری آنے سے پاک افغان دوطرفہ تجارت سمیت وسط ایشیائی ممالک تک تجارت میں بہتری کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔