کوٹری، بااثر افراد کا غریب ہاری کی زمین پر قبضہ

118

کوٹری (پ ر) بااثر افراد کا غریب ہاری کی زمین پر قبضہ، متاثرہ شخص انصاف کے لیے پریس کلب پہنچ گیا۔ پولیس بااثر شخص کی پشت پناہی کررہی ہے، مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہے، متاثرہ شخص کا الزام۔ کوٹری کے قریبی علاقہ ڈھگی فارم کے رہائشی ضعیف شخص محمد صدیق کھوسو نے بااثر افراد کی جانب سے اس کی 4 ایکڑ زمین پر قبضہ کیخلاف پریس کلب پہنچ کر احتجاج کیا اور میڈیا کو بتایا کہ اس نے زندگی بھر کی جمع پونجھی سے چار ایکڑ زمین خریدی تھی جس کے کاغذات بھی ہیں مگر علاقے کے بااثر افراد پپو کھوسو، دیدار کھوسو اور نریش کمار نے زبردستی قبضہ کرکے غیرقانونی سرگرمیاں کر رکھی ہیں اور وہاں سے ریتی بجری نکال کر کھلے عام فروخت کی جارہی ہے، جس میں مقامی پولیس نے بااثر افراد کی مکمل پشت پناہی کر رکھی ہے۔ متاثرہ شخص نے کہا کہ اس نے قبضہ کیخلاف پولیس کو شکایت بھی کی مگر پولیس تدارک کرنے کے بجائے بااثر افراد کو تحفظ دے رہی ہے بااثر افراد مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں جس پر میں نے عدالت میں درخواست بھی دائر رکھی ہے۔ متاثرہ شخص نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔