تیل کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا،ہارون میمن

234

سکھر (نمائندہ جسارت) آل پاکستان انجمن تاجران کے سرپرست اعلیٰ اور آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوؤں کی نفی ہے، تیل کی قیمت میں اس قدر اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگا اور مہنگائی کا سونامی غریبوں کو بہا لے جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر تاجروں اور شہریوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کے خاتمے اور کمی کے صرف اور صرف اعلانات کررہی ہے۔ مہنگائی زبانی جمع خرچ سے کم نہیں ہوگی، مہنگائی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم اور وزیر خزانہ مہنگائی کنٹرول کرنے کی باتیں کرتے ہیں اور دوسری طرف پیٹرول کے نرخ بے انتہا بڑھا دیے جاتے ہیں حکومت عوام کے صبر کو نہ آزمائے عوام کے حال پر رحم کرے جھوٹے اعلانات دعوے اور وعدے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے متراف ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھنے سے ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھیں گے اور اس کا اثر اشیائے خورونوش سمیت ہر چیز پر پڑے گا۔ حکومت ایک اعلان کے ذریعے پیٹرول کے نرخ بڑھا سکتی ہے تو ایک اعلان کے ذریعے مہنگائی کم کیوں نہیں کرتی۔ وزیراعظم پٹرول کے بڑھائے گئے حالیہ نرخ فوری واپس لیں اور عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کیساتھ دشمن جیسا سلوک کررہی ہے نئے نئے ٹیکسز کے ساتھ تیل کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے ملک کے تاجر اور عوام تیل کی قیمت کو مسترد کرچکے ہیں حکومت عوامی رائے کا احترام کرے اور تیل کی بڑھائی گئی قیمت فوری واپس لے بصورت دیگر تاجر اور عوام مل کر احتجاج کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔